اردن کے شاہ عبداللہ دوئم نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوتا اس وقت تک دنیا امن و استحکام کے خواب دیکھنا بھول جائے۔
اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی پیٹرا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شاہ عبداللہ نے کہا کہ دہائیوں سے فلسطین کا مسئلہ حل طلب ہے جس کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام نصیب نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اردن کی خارجہ پالیسی کا محور ہے۔اردن اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ فلسطین کی آزادی کے لئے اردن اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا تاکہ فلسطینیوں کو ان کا جائز اور قانونی حق مل سکے۔
شاہ عبداللہ نے کہا کہ یروشلم میں اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات کی حفاظت اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اردن ہر صورت پوری کرے گا۔
یروشلم میں مسجد اقصیٰ کا انتظام اردن کی وزارت وقف کرتی ہے۔ 1967 سے یہ ذمہ داری بین الاقوامی قانون کے تحت اردن پوری کر رہا ہے۔ فلسطین کے محکمہ وقف کے تمام اخراجات بھی اردن ہی ادا کرتا ہے۔