مشرقی افغانستان کے صوبے ننگرہار کے شیرزاد ضلع میں ایک خود کش دھماکے میں 12 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
صوبے کے گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک گاڑی ایک سرکاری دفتر کے بایر چیک پوسٹ سے ٹکرائی جس سے 12 سیکیورٹی اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اسی طرح کے ایک اور خودکش حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک چیک پوسٹ پر روک کر اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حملہ سیکیورٹی فورسز کے ایک قافلے پر کیا گیا تھا جو صوبے میں ایک سیکیورٹی آپریشن میں شریک تھے۔ ترجمان کے مطابق اس خودکش حملے میں 50 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔
ایک روز قبل ہی امریکہ نے طالبان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ امن معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہے ہیں اور افغانستان میں دہشت گرد حملے بڑھتے جا رہے ہیں۔ پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ اس سال مئی میں افغانستان سے امریکی فوج کا مکمل انخلا نہیں چاہتی کیونکہ طالبان گذشتہ سال فروری میں ہونے والے امن معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ پینٹاگون کے ترجمان جان کِربی نے کہا ہے کہ جب تک طالبان دہشت گردی اور افغان فورسز پر حملے نہ کرنے کے اپنے وعدے پر عمل نہیں کرتے اس وقت تک امن معاہدے کا کوئی فائدہ فی الحال نظر نہیں آ رہا ہے۔