
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ استنبول جلد ہی عالمی اداروں کے ہیڈ کوارٹرز کا مرکز بن جائے گا۔ استنبول میں نماز جمعہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ استنبول میں آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (او ای سی ڈی) کا صدر دفتر قائم ہو گیا ہے جس کے بعد مزید عالمی اداروں کے دفاتر یہاں منتقل کئے جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں صدر ایردوان نے کہا کہ قبل از انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ عام انتخابات اپنے وقت پر جون 2023 میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے کورونا وائرس کی ویکسین کی دوسری کھیپ اسی ہفتے ترکی پہنچ جائے گی۔ کابینہ کے اگلے اجلاس میں ریسٹورنٹ کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ چین سے کورونا وائرس کی مزید 3 کروڑ ویکسین جلد ہی ترکی پہنچ جائیں گی۔