استنبول کی ایک مسجد کے امام نے نماز جمعہ کے بعد ضرورت مند افراد کو کھانا اور صفائی ستھرائی کی اشیا فراہم کرنے کیلئے دروازے کھول دیئے۔ یہ امداد تُرکی کے ویفا سوشل سپورٹ گروپ کی مدد سے فراہم کی جا رہی ہے جو ضرورت مند افراد کو کھانا اور دیگر اشیا فراہم کرتا ہے۔
مسجد کے امام عبدالصمد شاکر نے بازار سے کھانے پینے کی اشیا خریدیں اور قریب کے رہائشی کو دعوت دی کہ اگر وہ اپنی طرف سے کچھ عطیہ کرنا چاہتے ہیں تو اس میں شامل ہو جائیں اور اگر وہ ضرورت مند ہیں تو مسجد سے چاول، دودھ، آٹا اور صفائی ستھرائی کی اشیا اپنے ساتھ لے جائیں۔ امام مسجد نے کہا کہ ان کے پاس ہر وہ چیز ہے جو کسی بھی خاندان کی ضرورت ہے۔ ضرورت مند خاندان مسجد سے خوردنی تیل، چائے، چینی، چاول، آٹا، بچوں کی سوئٹس اور جو چاہیں لے جا سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری ہونے کے کچھ دیر بعد ہی بڑی تعداد میں لوگ مسجد سے اپنی ضرورت کی اشیا لینے کیلئے پہنچ گئے وہیں بہت سے لوگ بازار سے اشیا خرید کر مسجد میں لے آئے تاکہ جس کو ضرورت وہ ان اشیا کو لے جائے۔
ترکی میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے آج رات سے تین روز کیلئے کرفیو نافذ کیا جا رہا ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تین دن کا راشن خرید کر یا امدادی تنظیموں سے لے کر گھر میں اسٹاک کر لیں کیونکہ کرفیو پیر کی صبح تک جاری رہے گا۔
ترکی میں اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔