
اسرائیل فلسطینی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔ اسرائیل کی ایک جیل میں قید فلسطینی قیدی احمد ابو علی کا کل دل کا آپریشن ہوا اور آج اسے اسپتال سے دوبارہ واپس جیل میں بند کر دیا گیا۔
احمد ابو علی 2012 سے جیل میں قید ہیں۔ انہیں اسرائیلی عدالت نے 12 سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔
کل انہیں سینے میں شدید تکلیف ہوئی جس پر انہیں سوروکا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا فوری آپریشن کیا گیا۔ جیل حکام نے آج انہیں اسپتال سے واپس جیل میں یہ کہہ کر منتقل کر دیا کہ اب احمد ابو علی کی صحت ٹھیک ہے۔
فلسطینی قیدی احمد ابو علی کئی سال سے ذیابیطس، موٹاپے اور بلڈ پریشر کے امراض میں مبتلا ہیں۔
اسرائیل فلسطینی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی اور بے رحمانہ رویہ اختیار کرتا ہے۔ فلسطینی قیدیوں کو علاج معالجے کی مناسب سہولتیں حاصل نہیں ہیں۔ اکثر فلسطینی قیدی جیل میں مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر مناسب علاج نہ ہونے کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔