اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکریٹری جنرل نورلان یرمیکبایف نے ملاقات کی، جس میں تنظیم کی ترجیحات، رکن ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ، علاقائی و عالمی صورتحال اور آئندہ اہم اجلاسوں کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایس سی او کے پلیٹ فارم کے تحت معیشت، ٹرانسپورٹ، علاقائی روابط اور دیگر اہم شعبوں میں رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقۂ کار پر بات چیت کی۔ اس موقع پر خطے اور دنیا کو درپیش اہم سیاسی و سفارتی پیش رفت پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
ایس سی او کے سیکریٹری جنرل نورلان یرمیکبایف نے علاقائی امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنظیم کے مقاصد کے حصول میں مثبت اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

ملاقات میں سیکریٹری جنرل نے شنگھائی تعاون تنظیم کی فعالیت اور مؤثریت کو مزید بہتر بنانے سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں، جبکہ انہوں نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں سے بھی نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ستمبر 2026 میں پاکستان کی جانب سے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی چیئرمین شپ سنبھالنے اور 2027 میں ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کے تناظر میں پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔
