ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے 15 جولائی 2016 کی ناکام فوجی بغاوت کی دسویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "15 جولائی وہ دن تھا جب ترکیہ نے پوری دنیا کو واضح پیغام دیا کہ ترک قوم کی مرضی نہ کسی سرپرست قوت، نہ کسی غدار نیٹ ورک اور نہ ہی کسی دہشت گرد تنظیم کے سامنے جھک سکتی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم فیٹو (FETÖ) کی بغاوت کو صدر رجب طیب ایردوان کی مضبوط قیادت، ترک عوام کی بے مثال جرات اور ریاست کے غیرمتزلزل عزم نے ناکام بنایا۔

ہاکان فیدان کا کہنا تھا کہ اس رات ٹینکوں، ہتھیاروں اور دھمکیوں کے ذریعے ترک عوام کو خاموش کرانے کی کوشش کی گئی، مگر لاکھوں شہری جمہوریت اور قومی ارادے کے دفاع کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور پوری دنیا کو اتحاد اور یکجہتی کی نئی مثال دکھائی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکیہ اپنی سلامتی، آزادی اور قومی خودمختاری کے خلاف ہر خطرے کے خلاف ملک کے اندر اور بیرونِ ملک اسی عزم کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے گا، جبکہ دہشت گرد تنظیم فیٹو کو دنیا کے کسی بھی ملک، ادارے یا پلیٹ فارم پر محفوظ پناہ نہیں لینے دی جائے گی۔
وزیر خارجہ نے 15 جولائی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، غازیوں کی قربانیوں کو سراہا اور ترک قوم کو یومِ جمہوریت و قومی یکجہتی کی مبارکباد بھی دی۔
