ترکیہ اور قطر کے تعلقات کو ناقابلِ فراموش خدمات دینے والے رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے صدر رجب طیب ایردوان دوحہ پہنچ گئے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کر کے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔
حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صدر ایردوان کا استقبال قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن آل ثانی نے کیا، جبکہ خاتونِ اول امینہ ایردوان بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ تھیں۔
اس موقع پر صدر ایردوان نے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نہ صرف قطر بلکہ پورے خطے کے ایک مدبر رہنما تھے، جنہوں نے ترکیہ اور قطر کے درمیان سیاسی، اقتصادی، عسکری، انسانی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
صدر ایردوان نے مرحوم کو "ترکیہ کا ایک قیمتی دوست” قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ خطے کے استحکام، قطری عوام کی خوشحالی اور عالمِ اسلام میں امن کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر رہے، جس کے بعد انہوں نے اقتدار اپنے صاحبزادے اور موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے حوالے کر دیا۔ ان کے انتقال پر قطر میں چار روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے
