اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، امن و استحکام اور دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے مطابق تمام فریق کشیدگی میں کمی، تحمل اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی رابطے ہی مؤثر اور قابلِ اعتماد راستہ ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی مجموعی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے اور باہمی رابطوں کو برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل سفارتی رابطے اور تعاون ناگزیر ہیں۔
