turky-urdu-logo

ایران یوکرین طیارہ حادثے کے متاثرین کو 2 کروڑ 64 لاکھ ڈالر دے گا

ایران نے یوکرین طیارہ حادثے کے متاثرین کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر فی کس ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی کابینہ نے اس سال امریکہ ایران کشیدگی کے دوران غلطی سے مار گرائے جانے والے یوکرین کے طیارے میں سوار افراد کے اہل خانہ کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر فی خاندان ہرجانہ ادا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ایرانی حکومت نے کہا ہے کہ کابینہ نے ہر متاثرہ خاندان کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر یا اس کے مساوی یورو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایران نے کہا ہے کہ امدادی رقم ہر خاندان کو ادا کی جائے گی چاہے اس کا تعلق کسی بھی ملک اور قوم سے ہو۔

یوکرین نے کہا ہے کہ ایران نے طیارہ حادثے کے معاملے کو جس طرح نمٹایا ہے وہ ناقابل قبول ہے۔ متاثرین کی رقم سے متعلق ایران نے یکطرفہ فیصلہ کیا ہے اور اس پر یوکرین سے کوئی بات چیت نہیں کی اور نہ ہی طیارہ حادثے کے ذمہ داروں کو سزا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سال 3 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں ایران کی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہو گئے تھے۔ ایران نے اس قتل کا بدلہ لینے کے لئے 8 جنوری کو بغداد میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کئے لیکن ایک میزائل غلطی سے یوکرین کے طیارے کو جا ٹکرایا جو اس وقت تہران کے ایئر پورٹ سے اڑان بھر رہا تھا۔ اس طیارے میں 176 مسافر سوار تھے جن میں زیادہ تعداد یوکرین کے شہریوں کی تھی تاہم اس میں دیگر سات ممالک کے شہری بھی سفر کر رہے تھے۔

Read Previous

ترکی کی سال نو پر حکومتی کارکردگی پر ایک نظر

Read Next

سالِ نو کی تقریبات میں کورونا کی حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جائے، صدر ایردوان

Leave a Reply