راولپنڈی: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و دوطرفہ سلامتی اور مؤثر سرحدی انتظام سے متعلق اہم معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کو درپیش چیلنجز، مشترکہ سلامتی کے تقاضوں اور پاکستان و ایران کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرنے اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات میں امن کے قیام کے لیے اہم اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سرحدی تعاون، مؤثر رابطوں اور باہمی اعتماد کے فروغ کے ذریعے دونوں ممالک نہ صرف مشترکہ سلامتی کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور ایران نے علاقائی سلامتی، مؤثر سرحدی انتظام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا
