ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے کہا ہے کہ یونان مذاکرات سے بھاگ رہا ہے۔ جی 20 کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیٹو نے ممبر ممالک کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کے لئے یونان کو مذاکرات کی دعوت دی تھی لیکن اب یونان مذاکرات سے جان چھڑا رہا ہے۔
جی 20 اجلاس کے بعد انقرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ سے یونان نے پہلے مذاکرات شروع کرنے کی حامی بھری پھر بعد میں یہ کہہ کر مکر گیا کہ ترکی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
جمعرات کو نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ترکی اور یونان مذاکرات پر تیار ہو گئے ہیں لیکن آج یونان نے مذاکرات سے انکار کر دیا ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے فرانس کو خبردار کیا کہ وہ ترکی کے خلاف یونان کی حمایت سے باز آ جائے۔
ترکی اور یونان کے درمیان مشرقی بحیرہ روم میں سمندری حدود کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ ترکی بارہا یونان کو مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے لیکن بعض یورپی ممالک کی شہ پر یونان مذاکرات سے بھاگ رہا ہے۔