افغانستان کے سابق وزیر اعظم گلبدین اور حزب اسلامی کے امیر گلبدین حکمت یار تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ گئے۔
اسلام آباد ایئر پورٹ سے گلبدین حکمت یار اپنے وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماوٗں نے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحا میں جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔
گلبدین حکمت یار نے کہا کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے کا امن و استحکام افغانستان میں امن سے مشروط ہے۔ پاکستان خلوص نیت سے افغان عمل میں مصالحانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ سے ملاقات میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور افغانستان کے لئے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق بھی موجود تھے۔
گلبدین حکمت یار 21 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ اس دوران وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں افغان حکومت کی امن مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ بھی تین روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے۔