ترکی میں گرین ہاوٗسنگ پروجیکٹ کے لئے فرانس نے 20 کروڑ یورو قرض دے دیا
ترکی کے سرکاری واقف بینک اور فرینچ ڈیولپمنٹ ایجنسی کے درمیان 20 کروڑ یورو کے قرض کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ قرض ترکی کے رہائشی علاقوں میں ماحول دوست توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے ایک منصوبے پر خرچ کیا جائے گا جسے "گرین ہاوٗسنگ پروجیکٹ” کا نام دیا گیا ہے۔
واقف بینک کے مطابق گرین ہاوٗسنگ کے لئے یہ سب سے بڑا قرض ہے جو اب تک کسی بھی غیر ملکی ایجنسی سے لیا گیا ہے۔
بینک کے جنرل منیجر عابدی سردار استان صالح نے کہا کہ ترکی ماحول دوست توانائی کے منصوبے پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔ مستقبل میں فرینچ ڈیولپمنٹ ایجنسی سے اسی مد میں مزید قرض کے معاہدے کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2020 عالمی معیشت کے لئے ایک مشکل سال ثابت ہوا لیکن اس کے باوجود ترکی نے قرض کا یہ معاہدہ طے کیا جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
بینک اس سے پہلے عالمی مالیاتی مارکیٹ سے 75 کروڑ ڈالر کے یورو بونڈز فروخت کر چکا ہے۔
استنبول میں فرانس کے کونسل جنرل اولیور گیوون نے کہا کہ رہائشی عمارتوں میں بجلی کی بچت کے اس منصوبے کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں کیونکہ جس قدر توانائی کی بچت ممکن ہو یہ سب کے لئے بہتر ہے۔
اب رہائشی علاقوں کے مکین ماحول دوست توانائی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔ فرانسیسی ادارے اور بینک اس شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔