تُرک وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا سے متاثر کسی بھی شہری کو حکومت کی طرف سے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزارت نے اپنے ایک اعلامیئے میں کہا ہے کہ اگر کوئی شہری سوشل سیکیورٹی میں رجسٹر نہیں بھی ہے تو بھی اسے کورونا وائرس کے مفت علاج کی سہولت حاصل ہو گی۔
صدر طیب اردوان نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں وزارت صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا وائرس کے مریض کو سوشل سیکیورٹی کارڈ نہ ہونے کے باوجود مفت علاج کی سہولت دی جائے۔ علاج کے دوران تمام طبی سہولتیں، ٹیسٹ، کٹس اور ادویات مفت فراہم کی جائیں گی اور علاج کا تمام خرچ وزارت صحت ادا کرے گی۔ وزارت صحت علاج سے متعلق تمام امور کی از خود نگرانی کرے گی۔
ترکی میں کورونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 107 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 1،403 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد 65،111 ہو گئی ہے کیونکہ مزید 4،062 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اب تک 4،800 افراد صحت یاب ہو کر اسپتال سے ڈسچارج کر دیئے گئے ہیں۔