لبنان کے صدر مچل اون نے فیوچر موومنٹ کے صدر سعد حریری کو حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔
سعد حریری کے تقرر سے پہلے صدر مچل اون نے پارلیمنٹ سے مشاورت کی جس کے بعد سعد حریری کو حکومت بنانے کا موقع دیا گیا ہے۔
لبنان کی پارلیمنٹ کے 118 اراکین میں سے 65 نے صدر مچل کو مشورہ دیا کہ سعد حریری کو حکومت بنانے کا موقع دیا جائے۔ 53 ارارکین نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔
تقرری کے بعد سعد حریری صدارتی محل بعبدا گئے اور صدر سے نئی حکومت بنانے کی مشاورت کی۔
سعد حریری لبنان کے دو بار وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ 2009 سے 2011 تک وہ لبنان کے وزیراعظم رہے۔ 2016 سے اس سال جنوری تک وہ لبنان کے وزیر اعظم تھے جب موجودہ حکومت نے انہیں تبدیل کر دیا۔
سعد حریری لبنان کے ایک سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد سابق وزیر اعظم رفیق حریری 2005 میں ایک بم حملے میں مارے گئے تھے۔
بیروت میں 10 اگست کو ہونے والے خطرناک دھماکے کے بعد وزیر اعظم حسن دیاب مستعفی ہو گئے تھے۔