راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس، پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی پیداواری صلاحیت، برآمدی امکانات اور ملکی دفاعی صنعت میں اس کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران پی او ایف کے مختلف شعبہ جات اور آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مقامی سطح پر مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی تیاری اور ترقی سمیت ملکی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ٹیسٹنگ اور آزمائشی مراحل کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر دفاعی پیداوار میں خود انحصاری، مقامی ٹیکنالوجی کے فروغ اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کی اہمیت پر توجہ دی گئی۔

پی او ایف میں جاری جدید کاری کے منصوبوں سے متعلق بھی چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو بریفنگ دی گئی۔ حکام نے انہیں ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پاکستان آرڈیننس فیکٹری کو کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دفاعی پیداوار کو مزید وسعت دینے اور جدید بنانے کے لیے پی او ایف میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ ان پلانٹس سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران دفاعی شعبے میں مقامی پیداوار، تکنیکی جدت اور خود انحصاری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

پی او ایف واہ پاکستان کی دفاعی صنعتی بنیاد کا ایک اہم ادارہ ہے، جو ملکی دفاعی ضروریات کے لیے مختلف نوعیت کا فوجی سازوسامان تیار کرتا ہے۔ ادارے کی پیداواری صلاحیت اور برآمدی استعداد میں اضافہ پاکستان کی دفاعی صنعت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
