ملائشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو اپنی ہی سیاسی جماعت سے نکال دیا گیا ہے۔ 18 مئی کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں مہاتیر محمد نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد ان کی سیاسی جماعت “یونائیٹڈ انڈیجینس پارٹی آف ملائشیا نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مہاتیر محمد یونائیٹڈ انڈیجنس پارٹی کے شریک بانی رکن ہیں۔ مہاتیر محمد جو اپنی سیاسی جماعت کے چیئرمین بھی ہیں کو ملائشیا کی موجودہ حکومت کی حمایت نہ کرنے پر پارٹی سے فارغ کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محی الدین کی موجودہ حکومت کو مسترد کرنے پر مہاتیر محمد از خود پارٹی رکنیت سے محروم ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم محی الدین نے تصدیق کی ہے کہ سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا خط اصلی ہے تاہم مہاتیر محمد کے دفتر کے ترجمان نے ابھی تک اس بارے میں بیان جاری نہیں کیا ہے۔
دنیا کے معمر ترین سیاسی رہنما 95 سالہ مہاتیر محمد نے اس سال فروری میں از خود اپنی حکومت توڑ کر نئے انتخابات کا اعلان کیا تھا۔ نئے انتخابات میں مہاتیر محمد کی سیاسی جماعت کے شریک بانی رکن محی الدین نے کامیابی حاصل کی جس کے بعد انہیں حکومت بنانے کا موقع دیا گیا۔