turky-urdu-logo

یورپ چین کے مقابلے میں امریکہ کو ترجیح دے گا، صدر یورپین کونسل

یورپین کونسل کے صدر چارلس مچل نے یورپین یونین کی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے مقابلے میں یورپ امریکہ کو ترجیح دیتا ہے۔

انہوں نے امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چین سے متعلق امریکی پالیسی کی از سر نو تشریح کریں کیونکہ یورپین یونین چین کے لئے امریکی پالیسی کی منتظر ہے۔

اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک کے ایک مذاکرے سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے چارلس مچل نے کہا کہ یورپی بلاک چین کے مقابلے میں امریکہ سے قربت اور دوستی کو ترجیح دے گا۔ اس وقت دنیا کو کثیرالجہتی سوچ کی ضرورت ہے کیونکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے دنیا کو یہ سبق دیا ہے کہ بین الاقوامی تعاون اب وقت کی ضرورت بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ یورپین یونین کے ساتھ مل کر ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت دے۔ اس وقت امریکہ اور یورپین یونین کے ایشیا کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات غیر متوازن ہیں۔ انہوں نے تجارت میں عدم مسابقت پر گہری تشویش ظاہر کی۔

چارلس مچل نے کہا کہ امریکہ اور یورپ میں چین جیسا سیاسی اور سماجی ماڈل کام نہیں کر سکتا۔ جب معاملہ انسانی حقوق، قانون کی بالا دستی اور جمہوری اقدار کا آ جائے تو اس سے صرف نظر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے امریکہ سے مشترکہ اقدار، اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چین کو ماحولیاتی تبدیلی اور کورونا وائرس کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔

چارلس مچل نے امریکی صدر جو بائیڈن کو یورپین یونین کی اگلی سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

Read Previous

بیرون ملک تعلیم کے لیے ترکی بہترین انتخاب ہے

Read Next

عراق: دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں 3 ترک فوجی شہید

Leave a Reply