یورپین یونین کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس آج برسلز میں ہو رہا ہے جس میں یورپی بلاک کے رکنیت کے خواہش مند ترکی سمیت دیگر بین الاقوامی معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔
یورپین یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے میڈیا کو بتایا کہ یورپ کے ایک دہانے پر واقع ترکی کی رکنیت سے متعلق معاملات پر غور کیا جائے گا۔ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ نئے تعلقات پر بات چیت ہو گی۔
اجلاس دو روز جاری رہے گا۔ وزرائے خارجہ کل کے اجلاس میں جارجیا میں ہونے والے انتخابات کے بعد کی صورتحال، وینزویلا کی قانون ساز اسمبلی کے الیکشنز اور ہانگ کانگ میں چین کے نئے سیکیورٹی قانون پر غور کیا جائے گا۔
جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے کہا کہ ترکی کے ساتھ معاملات آج ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ جرمنی گذشتہ کئی ماہ سے کوشش کر رہا ہے کہ ترکی کے ساتھ مذاکرات شروع کئے جائیں۔ انہوں نے مشرقی بحیرہ روم تنازعے میں یورپین یونین کے دو رکن ممالک یونان اور یونانی قبرص کے ساتھ بڑھتی ہوئی رقابت پر تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں اس معاملے پر مستقبل میں آنے والے خطرات پر بات ہو گی۔ اس کے علاوہ اس ہفتے یورپین یونین کے سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔