
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی کو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔ یہاں سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ بہتر منافع حاصل کریں گے۔
انٹرنیشنل انویسٹرز ایسوسی ایشن کی کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ آنے والے دور میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول مزید سازگار بنائیں گے۔ اس شعبے میں مزید اصلاحات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عدلیہ، جمہوریت اور معیشت میں اصلاحات کا ایک نیا دور شروع کر دیا ہے۔ معیشت اور ملک کے تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ خطے کے کئی ممالک میں معیشت کساد بازاری کا شکار ہیں لیکن ترک معیشت تیزی سے بحال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک معیشت کی تیسری سہ ماہی کے اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ معاشی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔
ترکی میں 2002 سے اب تک 220 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی ہے جو غیر ملکی تاجروں کی ترکی پر اعتماد کا ایک مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا سے کہتا ہوں کہ ترکی آئیں اور یہاں کی میزبانی سے لطف اندوز ہوں۔ ترکی ایشیا اور یورپ کے سنگ میل پر واقع ہے۔ یہاں لگائی گئی صنعتوں کا مال بیک وقت یورپ اور ایشیا کی مارکیٹوں میں بآسانی بھیجا جا سکتا ہے۔