صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو کنٹرول کرنے کے لئے کچھ نئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر صحت مختلف صوبوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ اب ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ایسے کیا اقدامات کئے جائیں جس سے کورونا وائرس کے پھیلاوٗ کو محدود کیا جا سکے۔
صدر ایردوان نے کورونا وائرس کنٹرول کرنے کے لئے قائم کی گئی سائنس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے جو کچھ نئے اقدامات پر صدر کو بریفنگ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کو سامنے رکھتے ہوئے نئے اقدامات نافذ کئے جائیں گے۔
مئی کے بعد پہلی بار ترکی میں ایک ہی روز میں کورونا وائرس کے نئے دو ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس نے حکومت میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
وزیر صحت فہرتین کوسا نے بتایا کہ ملک بھر کے مجموعی کیسز میں سے 40 فیصد صرف استنبول میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ انقرہ میں کورونا کیسز سے پانچ گنا زائد مریض استنبول میں ہیں۔
ترک میڈیکل ایسوسی ایشن اور اپوزیشن کا کہنا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے حقیقی اعداد و شمار چھپا رہی ہے۔
وزیر صحت نے استنبول کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اجتماع سے گریز کریں اور حفاظتی اقدامات کی سختی سے پابندی کریں۔
ترکی میں اب تک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے نو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔