
کوتاہیا میں منعقدہ ریلی میں صدرایردوان نے شہریوں کو سلامتی، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کیا
انہوں نے ترکیہ کو درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالتے ہو ئے کہا کہ 15 جولائی کی بغاوت کی کوشش، علاقائی اور عالمی بحرانوں اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد اور ایسی کئی مشکلات کے باوجود ترکیہ جمہوریت اور ترقی کے راستے پر گامزن رہا ہے۔
صدر ایردوان نے قومی اتحاد اور سلامتی کو درپیش چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ترکیہ کی جنگ جاری رکھنے پر زور دیا۔ انکا کہنا تھا کہ دشمنوں کو ترکیہ کی سرحدوں میں ہر گز پناہ نہیں مل سکتی۔
صدر ایردوان نے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ریاستی محصولات اور اخراجات کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انکا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے تاکہ ہم مستقبل میں سیاسی ، سماجی اور اقتصادی بحران سے دو چار نہ ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ مالی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ریاست اور شہریوں کے درمیان تعاون ہونا بہت ضروری ہے۔
ریلی کے بعد، صدر ایردوان نے Kütahya Ceramic کی 100 ویں سال کی فیکٹریوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے نئی فیکٹریوں کی اہمیت پر زور دیا کہ نئی فیکٹریاں برآمدات میں اضافے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے میں مدد دیں گی۔۔
واضح رہے کہ صدر ایردوان نے تقریب میں 140 ملین یورو کی مشترکہ سرمایہ کاری کی مالیت کی دو فیکٹریوں کا افتتاح کیا۔