ترکی میں آج سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کے والد ارطغرل کا 739 واں یوم وفات منایا جا رہا ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان غازی نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مساوات، انصاف اور برداشت پر مبنی ایک بہترین ترک معاشرہ اور سلطنت قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ سلطنت عثمانیہ نے جہاں بھی قدم رکھا اور جو ملک فتح کیا وہاں انصاف اور مساوات کا علم بلند کیا۔
صدر ایردوان نے کہا کہ ترکوں کے لئے یہ ایک فخر کی بات ہے کہ کئی صدیوں تک انہوں نے دنیا کے تین براعظموں اور سات سمندروں پر انصاف کے ساتھ حکومت کی۔ انہوں نے اناطولیہ کی حفاظت اور اسے مزید مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت میں ترکی امن اور خوشحالی کی منزل ہر صورت حاصل کرے گا۔
ارطغرل غازی کے یوم وفات پر وسط مغربی صوبے بلجیک میں سوغوت یوروک فیسٹویل منایا جا رہا ہے جو اتوار تک جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ ترکی کے ارطغرل غازی کی ڈرامہ سیریل نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی اور اس ڈرامے کے ذریعے دنیا بھر کو ارطغرل غازی اور سلطنت عثمانیہ سے متعلق معلومات ملیں۔
پاکستان میں بھی سرکاری میڈیا پی ٹی وی سے ترک ڈرامہ ارطغرل غازی اردو ترجمے کے ساتھ نشر کیا جا رہا ہے۔ یو ٹیوب پر چلنے والے اس ڈرامے کے ناظرین کی تعداد دو کروڑ سے بڑھ چکی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔