turky-urdu-logo

ترکی نے یورپین یونین کا مشرقی بحیرہ روم میں سرگرمیاں روکنے کا مطالبہ مسترد کر دیا

یورپین یونین نے ترکی سے کہا ہے کہ وہ مشرقی بحیرہ روم میں یکطرفہ اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روک دے۔ یورپی بلاک نے ترکی کو یونان کے ساتھ مذاکرات کرنے کو بھی کہا ہے کہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

ترکی نے یورپین یونین کے اس مطالبے کو جانبدار اور حقیقت کے برعکس قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ ترکی کا کہنا ہے کہ وہ یونان کے ساتھ کسی بھی پیشگی شرط کے بغیر مذاکرات کے لئے ہر وقت تیار ہے۔

فرانس، یونان، مالٹا، اسپین، پرتگال اور یونانی قبرص کے سربراہوں کا ایک اہم اجلاس کورسیکا میں ہوا۔

یورپین یونین کے سات رکن ممالک کے سربراہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں ترکی کو خبردار کیا ہے کہ جب تک مشرقی بحیرہ روم میں غیر قانونی سرگرمیاں نہیں روکی جاتیں اس وقت ترکی سے مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔ یورپین یونین نے دھمکی دی ہے کہ اگر ترکی نے ان مطالبات کو تسلیم نہ کیا تو اس ماہ کے آخر میں یورپی بلاک کے اجلاس میں ترکی پر مزید سخت پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔

مشرقی بحیرہ روم کی سات یورپی ریاستوں کے سربراہوں نے کہا ہے کہ اگر انقرہ یونان اور یونانی قبرص کے ساتھ مذاکرات کی میز پر نہ آیا تو سخت پابندیوں کے لئے تیار رہے۔

ترک وزارت خارجہ کے ترجمان حامی اکسوئے نے کہا ہے کہ یونان ترکی کے ساتھ کسی پیشگی شرط کے بغیر مذاکرات کی میز پر آ جائے۔ ترکی نے یونان سے مشرقی بحیرہ روم میں ترک بحری جہاز اروچ رئیس کے قریب سے اپنے جنگی بحری جہاز بھی ہٹانے کو کہا ہے تاکہ کشیدگی کو کم کر کے مذاکرات کی فضا بہتر بنائی جا سکے۔

امریکی ردعمل:

ادھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ قبرص کے دورے پر پہنچ رہے ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

پومپیو جو آج دوہا پہنچے ہیں وہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان امن مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ پومپیو کل قبرص کا دورہ کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ قبرص کا دورہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ترک صدر طیب ایردوان اور یونان کے وزیر اعظم کیراکوز متسوتاکیس نے امریکی صدر ٹرمپ سے مشرقی بحیرہ روم کے معاملے پر بات چیت کی تھی۔

امریکی وزیر خارجہ نے تنازعے کو سفارتی کوششوں سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Read Previous

مراکشی بیلجیئم کے فاتح نیسر چاڈلی ترکی کی فٹ بال ٹیم میدیپول پاساکسیر میں شامل

Read Next

ارطغرل غازی ترک قوم کے عظیم ہیرو تھے، صدر ایردوان کا ارطغرل کے یوم وفات پر پیغام

Leave a Reply