
امریکہ میں ترکی کے سفیر سردار کلیج نے کہا ہے کہ امریکہ اور ان کے ملک کے درمیان حالیہ تنازعات کا سب سے بڑا اثر آنے والی نسلوں پر پڑے گا۔
واشنگٹن میں 38 ویں امریکن ترکش کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ امریکہ کی کرد دہشت گرد تنظیم وائی پی جی، کرد دہشت گردوں کی شامی تنظیم پی کے کے اور فتح اللہ ٹیرر آرگنائزیشن کی حمایت دونوں ملکوں کے درمیان وجہ تنازعہ ہے۔ دوسری طرف امریکہ نے ترکی کو ایف 35 طیاروں کی فروخت کا معاہدہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مسائل کو امریکہ اور ترکی کے درمیان معاشی تعلقات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دینا چاہئے۔ اگر ایسا ہوا تو دونوں ملکوں کے درمیان یہ مسائل مستقبل میں زہر گھول دیں گے۔
اگر ترکی اور امریکہ نے ابھی ان تنازعات کو ختم کرنے کے لئے اقدامات نہیں کئے تو آنے والی نسلوں کو ان کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ دونوں ملکوں کو ان سے بچنے کی ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کو سیاسی اور معاشی تعلقات کو علیحدہ علیحدہ رکھنا چاہئے۔
دفاعی معاملات پر ترک سفیر نے کہا کہ ایف 35 طیاروں کے معاہدے کی منسوخی کو سیاسی معاملات سے علیحدہ رکھنا ہو گا۔ اس طرح دونوں ملکوں کے تعلقات ایک بند گلی میں داخل ہو جائیں گے۔
ترک سفیر نے کہا کہ ترکی اپنے جنگی ہیلی کاپٹر تیسرے ملک کو فروخت کرنا چاہتا ہے لیکن امریکی کانگریس نے اس معاہدے کو بلیک لسٹ کر دیا ہے کیونکہ ترکی نے روس کے فضائی دفاعی نظام کی خریداری کا معاہدہ کر لیا ہے۔
انہوں نے دونوں ملکوں کی دفاعی صنعت کو ایک دوسرے کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری شروع کرنے کا مشورہ بھی دیا۔