
مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے اسرائیل کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا ملک اسرائیل کی سیکیورٹی کو اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہی۔ نتن یاہو نے آج صبح مصری صدر سے فون پر رابطہ کیا اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کی۔
مصر کے صدارتی محل سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر السیسی نے اسرائیل کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کی دو علیحدہ علیحدہ ریاستوں کا قیام ہی دراصل مشرق وسطیٰ میں امن کی ضمانت ہے۔
السیسی نے کہا کہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی ہر اس کوشش کی حمایت کرے گا جو فلسطین کی علیحدہ ریاست کے قیام اور اسرائیل کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے کیا جائے گا۔
مصر کے صدر نے اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان تعلقات قائم ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے فلسطین کی علیحدہ ریاست کی کوششوں کو تقویت ملے گی اور خطے میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔
واضح رہے کہ یو اے ای نے 13 اگست کو اسرائیل کو ایک علیحدہ ریاست تسلیم کرتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کر لئے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی نے اس معاہدے کو عرب دنیا کے لئے ایک دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے فلسطین کی علیحدہ ریاست کے قیام کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔