
ترکی میں مئی کے دوران معاشی اعتماد کے انڈیکس میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ترک ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں مئی کے دوران نرمی سے معاشی اعتماد کے انڈیکس میں اضافہ ہوا ہے۔ مئی میں معاشی اعتماد کا انڈیکس 61.7 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اپریل میں معاشی اعتماد 44 فیصد کی سطح پر آ گیا تھا کیونکہ کورونا وائرس کے باعث ملک کا بیشتر حصہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند تھا۔ معاشی، تجارتی، کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں معطل تھیں جس کی وجہ سے انڈیکس میں کمی آ گئی تھی۔
ترک ادارہ شماریات کے مطابق کنزیومر، رئیل اسٹیٹ، سروسز، ریٹیل ٹریڈ اور تعمیراتی شعبے کے انڈیکسز میں اضافے کی وجہ سے مجموعی طور پر معاشی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ سب سے زیادہ اضافہ تعمیراتی شعبے کی بحالی کے انڈیکس میں ہوا ہے۔ کنسٹرکشن سیکٹر کے معاشی اعتماد کے انڈیکس میں 31 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا۔
سروسز اور کنزیومرز کے اعتماد کے انڈیکس میں 11 اور 8.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ریٹیل ٹریڈ کا انڈیکس 5 فیصد بڑھ گیا۔
تازہ ترین اعداد و شمار پر بات کرتے ہوئے استنبول کی پیری ریز یونیورسٹی کے پروفیسر ارہان اسلوگ نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث مارچ اور اپریل میں معاشی اعتماد کا بری طرح جھٹکا لگا تھا کیونکہ دنیا بھر کی کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل تھیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر ایک غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ مئی میں دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں اور اس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی سے صورتحال میں بہتری آئی ہے۔