
پاکستان اور امریکہ کے درمیان پہلے ہیلتھ ڈائیلاگ میں شرکت کے لئے چار رکنی پاکستانی وفد واشنگٹن پہنچ گیا ہے ، وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عبدالقادر پٹیل کر رہے ہیں۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان اور سفارت خانے کے دیگر افسران بھی وفد میں شامل ہوں گے۔ پاک امریکہ ہیلتھ ڈائیلاگ کا انعقاد آج 25 جولائی کو سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ہوگا، مذکورہ ہیلتھ ڈائیلاگ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پہلا ڈائیلاگ ہے،پیر کو دن بھر جاری رہنے والے ہیلتھ ڈائیلاگ کے دوران صحت کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفصل ایجنڈا زیر غور آئے گا۔ وزارتِ صحت سے متعلقہ پاکستانی اہلکار اور ماہرین ورچوئل ذرائع سے ہیلتھ ڈائیلاگ کے مختلف سیشنز میں شریک ہوں گے۔ پاک امریکہ ہیلتھ ڈائیلاگ کے مندرجہ ذیل سات سیشن کے دوران اہم معاملات زیر غور آئیں گے جن میں پاکستانی سنٹر برائے کنٹرول امراض کا قیام، گلوبل ہیلتھ سکیورٹی، چائلڈ ایمیونائیزیشن، بچوں کےلئے حفاظتی ٹیکے، کوویڈ-19 شراکت داری، ریگولیٹری انگیجمنٹ ، زچہ و بچہ کی صحت،غیر متعدی بیماریاں، پاک امریکہ ہیلتھ ڈائیلاگ صحت کے شعبے میں دونوں ملکوں کے مابین قریبی تعلقات کی مثال ہے اور اس وقت اس ڈائیلاگ کا انعقاد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے پچہتر سال کی تکمیل کو منانے کا بہترین طریقہ ہے۔اس ڈائیلاگ کے دوران ٹھوس پیش رفت متوقع ہے.