
روسی صدر کے آئندہ دورہ ترکیہ کے بارے میں صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ابھی تاریخ کا تعین نہیں ہوا ہے لیکن بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ ولادیمیر پیوتن اگست میں ترکیہ کا دورہ کریں گے۔
صدر ایردوان نے استنبول میں نماز جمعہ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ "تاریخ واضح نہیں ہے، لیکن وزیر خارجہ، انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ، وہ سب بات چیت کر رہے ہیں اور امید ہے کہ روسی صدر کا دورہ اگست میں متوقع ہے۔
صدر ایردوان نے یہ بیان پیوتن کے ساتھ بدھ کے روز ہونے والی ان کی فون کال کے بعد دیا، جس میں انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آنے والے دنوں میں پیوتن ترکیہ کا دورہ کریں گے۔
صدر ایردوان نے پیوتن کو یہ بھی بتایا کہ ترکیہ بحیرہ اسود کے اناج کے معاہدے کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے اپنی "شدید” کوششیں اور سفارت کاری جاری رکھے گا۔
17 جولائی کو، روس نے اس معاہدے میں اپنی شرکت کو معطل کر دیا، جس پر اس نے جولائی 2022 میں ترکیہ، اقوام متحدہ اور یوکرین کے ساتھ یوکرین کے بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے اناج کی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کے لیے دستخط کیے تھے جو فروری میں روس-یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد روک دی گئی تھی۔
ماسکو نے شکایت کی ہے کہ معاہدے کے روسی حصے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
یوکرین اور روس کے درمیان ثالثی کے منفرد کردار کے لیے بین الاقوامی سطح پر سراہے جانے والے ترکیہ نے کیف اور ماسکو سے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے جنگ کو ختم کریں۔