turky-urdu-logo

کورونا وائرس سے ایک لاکھ امریکی جاں بحق ہو جائیں گے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے امریکہ میں ایک لاکھ افراد کے جاں بحق ہونے کی توقع ہے۔ واشنگٹن کے لنکن ان میمیوریل ہال میں ٹاؤن ہال میٹنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ اب تک جو اعداد و شمار سامنے آ رہے ہیں ان کے مطابق اس عالمی وبا سے صرف امریکہ میں ہلاکتوں کا تخمینہ ایک لاکھ افراد ہے۔

امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے 67 ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے کورونا سے ڈھائی لاکھ امریکیوں کی ہلاکتوں کا امکان ظاہر کیا تھا۔

امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ کورونا وائرس کیلئے ویکسین اس سال کے آخر تک تیار ہو جائے گی۔ دوسری طرف امریکی اور برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کی تیاری میں کم سے کم ایک سے ڈیڑھ سال لگ سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے اس بات کو سختی سے مسترد کر دیا کہ ان کی حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کو تاخیر سے سنجیدہ لیا جس کی وجہ سے حالات اس قدر خراب ہو گئے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت نے کوئی وقت ضائع کئے بغیر صحیح وقت پر مناسب فیصلے لئے ہیں۔

ٹاؤن ہال میٹنگ میں امریکی صدر نے ایک بار پھر چین پر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے خوفناک غلطیاں کیں اور اب چین اپنی کوتاہیوں کو تسلیم نہیں کر رہا ہے۔ اب امریکہ اس پورے قصے کی تحقیقات کرے گا اور چین نہیں چاہتا کہ امریکی ماہرین ووہان آ کر یہاں تحقیقات کریں۔

صدر ٹرمپ نے امریکی انٹلی جنس حکام پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 23 جنوری تک انٹیلی جنس حکام کی طرف سے خطرے کی کوئی گھنٹی نہیں بجائی گئی تھی اور نہ ہی سی آئی اے نے امریکی انتظامیہ کو کسی خطرے سے آگاہ نہیں کیا تھا۔ دوسری طرف دو امریکی نیوز چینلز سی این این اور اے بی سی نیوز نے اپنی رپورٹس میں کہا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس حکام نے 3 جنوری کو ایک بریفنگ میں کورونا وائرس کے خطرے سے صدر ٹرمپ کو آگاہ کر دیا تھا۔

Read Previous

برطانوی وزیراعظم نے بیٹے کا نام وِلفریڈ لوری نکولس جانسن رکھ دیا

Read Next

مودی حکومت کا مزدوروں کو ٹرین کا کرایہ اپنی جیب سے ادا کرنے کا حکم

Leave a Reply