چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے خطے کی تازہ صورتحال اور علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی حالات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور سیاسی و سفارتی حل کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا۔
گفتگو میں سفارتی پیش رفت، سیاسی و سفارتی راستے سے علاقائی مسائل کے حل کی کوششوں اور اس عمل کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے باہمی مشاورت اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے امور بھی زیرِ غور آئے۔
یہ اہم مشاورت خطے میں جاری کشیدگی اور سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں ہوئی ہے۔ امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف نئی اقتصادی پابندیوں کے اعلان کی تیاری کی جا رہی ہے، جبکہ تہران نے ممکنہ نئی پابندیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد کی جانب سے دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پیش رفت کی حمایت کی جاتی رہی ہے اور اس تازہ ٹیلیفونک مشاورت میں بھی علاقائی صورتحال، سفارتی کوششوں اور سیاسی حل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جو خطے میں جاری سفارتی رابطوں کا حصہ ہے۔
