
غازی انتیپ میں زلزلے سے متاثرہ ، خیمہ بستیوں میں مقیم بچے، فنِ مصوری سیکھ رہے ہیں ۔
معروف آرٹسٹوں کی رہنمائی میں یہ ہونہار بچے خوبصورت مناظر کو کینوس پر اتارنے کا فن سیکھیں گے ۔
فی الوقت وہ دیواروں پر حسین تصاویر بنانے کا ہنر حاصل کر رہے ہیں۔
ترک وزارت برائے نوجوانان کی جانب سے یہ ایکٹویٹی، ترک صوبے غازی انتیپ کے زلزلہ زدہ شہر اصلاحیہ کے بچوں کو فنون سے آراستہ کرنے کے لیے متعارف کروائی گئی جو حالیہ زلزلے کے نتیجے میں بے گھر ہو گئے تھے اور فی الحال، خیمہ بستیوں میں مقیم ہیں۔ معروف گریفٹی آرٹسٹ سینول کراکایا کی اس مقصد کے لیے خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
6 فروری کے زلزلوں نے ترکیہ کے مختلف صوبوں میں قیامتِ صغریٰ برپا کر دی ۔ غازی انتیپ ، آدیامان قہرمانماراش سمیت بہت سے صوبوں میں تباہی مچ گئی۔
40 ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہوئے ۔
ان بے گھر لوگوں کو فوری طور پر خیمہ بستیوں میں آباد کیا گیا تھا۔