
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ جہاں ترقی یافتہ ممالک کورونا ویکسین کی قلت کا شکار ہیں وہیں ترک عوام کے لئے دنیا بھر سے ویکسین کی خریداری کے معاہدے کئے جا رہے ہیں۔
دارالحکومت انقرہ میں معذور افراد میں سرکاری ملازمتوں کے لیٹرز جاری کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا میں جہاں خوشحال ممالک میں دل دکھا دینے والے مناظر دیکھنے کو ملے وہیں ترکی نے اس وبا سے نمٹنے میں بہترین پالیسیاں اختیار کیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں معذور افراد کے لئے سرکاری ملازمتوں کے کوٹے کا 82 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ 2002 میں جب جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کی حکومت آئی اس وقت سرکاری اداروں میں معذور افراد کی تعداد 5,777 تھی جو آج 58,319 ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین سے ایک کروڑ کورونا ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کیا گیا تھا جس میں سے 95 لاکھ ویکسین ترکی پہنچ چکی ہے۔