
ترکی میں پاکستان کے سفیر سائرس سجاد قاضی نے کہا ہے کہ بھارت کا زیر تسلط کشمیر دنیا کا سب سے بڑا ملٹری زون بن چکا ہے۔
انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم سیاہ کشمیر کی ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سجاد قاضی نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ خود بھارت اقوام متحدہ لے کر گیا اور جو قرار دادیں اقوام متحدہ میں منظور کی گئیں ان میں سے آج تک کسی ایک قرار داد پر بھارت نے عمل نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 میں بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا جس کے بعد سے اب تک مقبوضہ وادی بھارتی فوج کے حصار میں ہے۔ 27 اکتوبر 1947 میں بھارتی فوج نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم و تشدد کیا اور ان کو ان کے قانونی اور جائز حق سے محروم کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب بگاڑنا چاہتی ہے۔
اس موقع پر ترک پارلیمنٹ کے رکن اور پاک ترکی فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین علی شاہین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے ترکی اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کی کشمیر پالیسی کے موقف کا حامی ہے۔
کشمیر کی مائیں انقرہ کی مائیں ہیں اور سری نگر کی بیٹیاں استنبول کی بیٹیاں ہیں۔
