Turkiya-Logo-top

باکو میں یوم استحصالِ کشمیر کی تقریب، آذربائیجان نے مسئلہ کشمیر پر حمایت دہرادی

آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کی مسلسل اصولی حمایت کو ایک بار پھر اجاگر کیا گیا

یہ تقریب پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی ساتویں برسی کے موقع پر منعقد کی گئی۔

تقریب میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام، پاکستانی کمیونٹی، آذربائیجان کے دانشوروں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

پاکستانی سفارت خانے کے مطابق تقریب کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات شرکا کو سنائے گئے۔

اپنے خطاب میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انسانی حقوق سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے عالمی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔ سفیر نے مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کی مستقل اور اصولی حمایت کو بھی سراہا۔

تقریب کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر مبنی ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں کشمیری عوام کو درپیش مسائل اور ان کی مشکلات کو اجاگر کیا گیا۔

نمائش کے ذریعے شرکا کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنے اور مسئلے کے انسانی پہلو کو نمایاں کرنے کی کوشش کی گئی۔

تقریب میں شریک آذربائیجانی شہریوں اور پاکستانی کمیونٹی نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امن، استحکام اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

یوم استحصالِ کشمیر کے حوالے سے دنیا کے مختلف ممالک میں تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن کا مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور متعلقہ فریقین کی توجہ خطے کی صورتحال کی جانب مبذول کرانا ہے۔

Read Previous

انقرہ کے ضلع کیچی اورین بلدیہ میں یوم استحصالِ کشمیر کی یاد میں فوٹو نمائش کا انعقاد

Read Next

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیاں، بھارتی پراکسی "فتنہ الہندستان” کے 12 دہشت گرد ہلاک

Leave a Reply