turky-urdu-logo

آذربائیجان: تین گیس فیلڈز سے 950 ارب کیوبک گیس کے نئے ذخائر دریافت

آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے کہا ہے کہ توانائی کے وسائل بڑھانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سدرن گیس کوریڈور کنسلٹیٹیو کونسل کے ساتویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آذربائیجان میں گیس کے کئی کنووں کی کھدائی کے دوران بڑے پیمانے پر گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

صدر الہام علی یوف نے کہا کہ بابک فیلڈ سے 400 ارب کیوبک میٹر گیس کے ذخائر کی نوید ملی ہے۔ اسی طرح ابشرون گیس فیلڈ سے 350 ارب کیوبک میٹر گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ اس فیلڈ سے گیس کی پیداوار آئندہ سال شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امید فیلڈ سے بھی 200 ارب کیوبک میٹر قدرتی گیس کے ذخائر ملے ہیں۔ ان تینوں گیس فیلڈز سے گیس جلد ہی نکالی جائے گی۔ ابھی ان فیلڈز پر تکنیکی کام جاری ہے جو جلد ہی مکمل کر لیا جائے  گا۔

صدر الہام علی یوف نے کہا کہ آئیونین ایڈریاٹک پائپ لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔ بلقان میں گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کے لئے مختلف ممالک سے معاہدے کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان یورپ اور دیگر ممالک کو گیس برآمد کرنے کے لئے مختلف روٹس پر بھی کام ہو رہا ہے۔ یورپ کو طویل مدت کے لئے گیس کی فراہمی آذربائیجان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ آذربائیجان میں اس وقت 2 ہزار 600 ارب کیوبک میٹر گیس کے ذخائر موجود ہیں۔ نئی گیس فیلڈز سے مزید گیس سسٹم میں شامل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آذری چراغ غونیشی فیلڈ پر کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور امید ہے کہ یہاں سے بھی بڑے پیمانے پر گیس کے ذخائر دریافت ہو جائیں گے۔

Read Previous

فٹ بال:بیسکتاس کلب نے ترکش کپ کے لیے کوالیفائے کرلیا

Read Next

امریکہ دہشتگرد تنظیموں کی معاونت ختم کرے، ترکی

Leave a Reply