عرب ممالک کے کئی بڑے کاروباری اداروں نے اسلام اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین پر فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کردیا ہے۔
کئی عرب تنظیموں نے سوشل میڈیا پر فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کے ہیش ٹیگ وائرل کئے جس میں عوام سے فرانس کی تیار مصنوعات نہ خریدنے کو کہا گیا ہے۔
کویت کی خلیج میں کئی سُپر مارکیٹس کی چین کے النعیم کوآپریٹو سوسائٹی نے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام اسٹورز سے فرانسیسی مصنوعات ختم کر رہے ہیں۔
اسی طرح کئی دیگر عرب کاروباری و تجارتی اداروں سبرب آفٹرنون ایسوسی ایٹس، عقیلہ کوآپریٹو سوسائٹی اور سعد العبداللہ سٹی کوآپریٹو سوسائٹی نے بھی اپنے تمام ڈپارٹمنٹل اسٹورز سے فرانسیسی مصنوعات ہٹا دی ہیں۔
ان کاروباری اداروں نے فرانس کی اشیا ہٹانے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر جاری کر دیں۔
قطر میں الواجبہ ڈیری کمپنی اور المیرہ کنزیومر گڈز کمپنیوں نے بھی فرانسیسی مصنوعات ختم کر کے خریداروں کو دیگر ممالک کی متبادل مصنوعات فروخت کرنا شروع کر دی ہیں۔
قطر یونیورسٹی نے بھی بائیکاٹ مہم میں شامل ہو کر فرینچ کلچرل ویک منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یونیورسٹی نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام کے کسی بھی شعائر کی توہین کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ یہ توہین عالمی انسانی اقدار کو نقصان پہنچانے کے لئے کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل فرانس کے صدر نے پیرس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا بھر میں اسلام بحران کا شکار ہے۔ فرانس اسلام کی تنظیم نو کرنا چاہتا ہے۔ ان کے اس بیان کو مسلم دنیا نے مسترد کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی تھی۔