تین دہائیوں سے زائد سفارتی تجربہ رکھنے والی سابق سیکرٹری خارجہ پاک ترک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم
انقرہ : پاکستان کی سینئر سفارت کار اور سابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ (ستارۂ امتیاز) نے ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وہ انقرہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون سفیر ہوں گی۔

تین دہائیوں سے زائد سفارتی تجربہ رکھنے والی آمنہ بلوچ نے 1991 میں پاکستان کی فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے تاریخ اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔
اپنے طویل سفارتی کیریئر کے دوران آمنہ بلوچ نے کوپن ہیگن اور کولمبو میں پاکستانی سفارتی مشنز میں خدمات انجام دیں، جبکہ چین کے شہر چینگدو میں قونصل جنرل کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔ بعد ازاں وہ 2019 سے 2023 تک ملائیشیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر اور 2023 سے 2024 تک بیلجیئم میں پاکستان کی سفیر رہیں۔
آمنہ بلوچ نے پاکستان کی 33ویں سیکرٹری خارجہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور دو سال تک وزارت خارجہ کی قیادت کی۔ اس دوران انہوں نے اہم علاقائی و عالمی سفارتی معاملات میں نمایاں کردار ادا کیا۔

معرکۂ حق کے دوران ان کی سفارتی قیادت اور خدمات کو قومی سطح پر سراہا گیا، جبکہ یومِ آزادی 2025 کے موقع پر وزیراعظم پاکستان نے انہیں سفارتی خدمات کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز سے نوازا۔
ترکیہ میں اپنی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے آمنہ بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان اور برادر ملک ترکیہ کے درمیان تاریخی دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گی۔ ان کی ترجیحات میں دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید وسعت دینا بھی شامل ہے۔
آمنہ بلوچ نے اہم سفارتی ذمہ داری سونپنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنے لیے بڑا اعزاز قرار دیا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ دیانت داری، لگن اور بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی خدمت جاری رکھیں گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آمنہ بلوچ کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آمنہ بلوچ نے ان کی رہنمائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی آمنہ بلوچ کو نئی تقرری پر مبارک باد دی اور بطور سیکرٹری خارجہ ان کی کامیاب خدمات کو سراہا۔ صدر مملکت نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
آمنہ بلوچ کی بطور پہلی خاتون پاکستانی سفیر ترکیہ میں تعیناتی کو پاکستان کی سفارتی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
