چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شِنگ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں خطے اور دنیا میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی، دوستانہ اور آزمودہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل، ادارہ جاتی تعلقات کا فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور چین اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو ہائی شِنگ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنے ملک کے عزم اور اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی، سیاسی، دفاعی اور اقتصادی شعبوں میں دیرینہ تعاون موجود ہے۔ دونوں ممالک اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی اشتراک کے ذریعے اپنی دوطرفہ شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
