turky-urdu-logo

افغان فورسز کا 286 طالبان ہلاک کرنے کا دعویٰ، طالبان کی تردید

افغان سیکیورٹی فورسز نے شمالی صوبے فاریاب میں ایک آپریشن کے دوران 286 طالبان ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے لیکن طالبان نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔

افغان نیشنل آرمی کی 209 شاہین کور نے بیان جاری کیا ہے کہ صوبہ فاریاب میں ایک آپریشن کے دوران 286 طالبان جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 219 طالبان شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے بیان کے مطابق صوبہ فاریاب کے چار اضلاع اندخوئے، خواجہ سبز پوش، قیصر اور المار میں آپریشن کیا گیا اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 300 کے قریب طالبان مارے گئے۔ علاقے کو شدت پسندوں سے خالی کروا لیا گیا ہے۔

فاریاب پولیس کمانڈ کے ترجمان عبدالکریم نے میڈیا کو بتایا کہ علاقے میں طالبان کا نام نہاد گورنر وکیل احمد بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔ وکیل احمد کو علاقے میں ملا ناظم کے نام سے جانا جاتا تھا۔

طالبان نے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کر دی ہے۔

طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے کہا کہ اسلامی خلافت کے گورنر مکمل طور پر صحت یاب ہیں اور وہ علاقے میں جہاد سے متعلق سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے افغان حکومت کے پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کر دیا۔

واضح رہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان 5 جنوری سے قطر کے دارالحکومت دوحا میں مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہو رہا ہے۔ افغان حکومت نے مذاکراتی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جو طالبان کے ساتھ بات چیت کرے گی تاکہ افغان امن عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

Read Previous

پاکستان میں فائرنگ سے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 مزدور جاں بحق

Read Next

انقرہ سے داعش کا خطرناک دہشت گرد گرفتار

Leave a Reply