![](https://www.turkeyurdu.com/wp-content/uploads/2021/01/Miners.jpg)
پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے علاقے مچھ کی ایک کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 مزدورفائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔
بلوچستان کے ضلع بولان کے ڈپٹی کمشنر مراد کاسی نے میڈیا کو بتایا کہ کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو چند شرپسند عناصر نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ان مزدوروں کو کان سے اغوا کیا گیا۔ ان کی آنکھوں پر پٹی باندھی گئی اور ان کے ہاتھ رسی کی مدد سے پشت سے باندھ دیئے گئے تھے۔ اغوا کار انہیں قریبی پہاڑیوں میں لے گئے جہاں انہیں فائرنگ کر کے مار دیا گیا۔ چار مزدور زخمی حالت میں ہیں جنہیں مقامی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ چاروں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
فائرنگ کے واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کا صوبہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔ یہ علاقہ چین کے ون بیلٹ ون روڈ اور سی پیک کا اہم حصہ ہے۔ چین پاکستان میں سی پیک کے تحت 64 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور بلوچستان میں سی پیک کا حصہ ہے جہاں سے سڑکوں کا ایک وسیع نیٹ ورک افغانستان اور ایران سے ہوتا ہوا وسط ایشیائی ریاستوں تک جائے گا۔