صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ 2021 ترکی کے مختلف شعبوں میں اصلاحات اور معیشت کی بحالی کا سال ہو گا۔
انقرہ کے صدارتی محل سے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے ترکی کے مشرقی علاقے میں ایک کومرہان پُل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہت سے ایسے شعبوں کی نشاندہی کی ہے جہاں اصلاحات کی سخت ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کے باعث عالمی سیاست اور معیشت نے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں لیکن ترک قوم کو سخت محنت کرنی ہے تاکہ ترقی کا خواب پورا کیا جا سکے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ نیا سال ترکی میں ترقی اور خوشحالی کا سال ہو گا۔ ترک قوم نے کورونا وائرس کا متحد ہو کر مقابلہ کیا اور عالمی بحران کے معیشت پر اثرات کو کم کرنے کے لئے کوششیں کیں۔ حکومت نے عوام کی صحت کے لئے تمام سرکاری وسائل استعمال کئے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام کے روزگار اور مستقبل کو بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر تیار ہونے والی کورونا وائرس ویکسین اپریل تک مارکیٹ میں آ جائے گی۔ انہوں نے عوام سے ویکسین لگوانے کی اپیل کی اور کہا کہ عالمی وبا سے بچنے کے لئے اسے ایک موثر دوائی اور ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے۔
کومرہان برج ترکی کے دو مشرقی صوبوں ملاتیہ اور ایلیزگ کو ملانے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ نصف میل طویل یہ پُل ترکی کے مشرقی علاقے میں اپنی نوعیت کا چوتھا بڑا منصوبہ ہے۔ اس پل پر 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے۔