صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ حکومت معاشی اور مالیاتی شعبے میں استحکام کے لئے اصلاحات کا ایک نیا پروگرام ترتیب دے رہی ہے جس میں ملک میں سرمایہ کاری کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔
جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے پارلیمانی اراکین سے انقرہ کے صدارتی محل میں خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور معاشی ترقی کے لئے جلد ہی انقلابی اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے تین ستون ہوں گے جن میں قیمتوں میں استحکام، مالیاتی شعبے اور میکرو اکنامک میں استحکام شامل ہیں۔
حکومت طویل مدت کی سرمایہ کاری اور مقامی بچتوں کا ایک نیا ایکشن پلان تیار کر رہی ہے۔ حکومت معاشی پالیسیوں پر اعتماد اور سرمایہ کاری میں نقصانات کے خطرات کو کم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ شرح نمو میں اصلاحات کے بعد ترکی میں تعلیم یافتہ لوگوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ مہنگائی اور کرنٹ اکاوٗنٹ خسارہ کم ہو گا۔ حکومت مقامی بچتوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے نئی پالیسی بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطوں میں تیزی آ گئی ہے جن کے ساتھ کاروبار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تجاویز لی جا رہی ہیں۔
مالیاتی بازاروں کو بہتر بنانے، حکومت کی ٹیکس اور نان ٹیکس آمدنی میں اضافے اور اخراجات کو کم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز تیار کی گئی ہیں۔ حکومت گورنینس کے بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح نہ ہو تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ منافع بخش سرمایہ کاری کے لئے مواقع تلاش کریں۔