استنبول میں 112 کی ایمرجنسی کالز میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ جب سے ترکی میں کورونا وائرس کی وبا عام ہوئی ہے اس کے بعد سے ہیلتھ ایمرجنسی کالز میں بہت زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ تر کالز کورونا وائرس سے متعلق ہوتی ہیں جس میں کال کرنے والے لوگ وائرس سے متعلق بنیادی معلومات حاصل کرتے ہیں اور اپنی علامات سے متعلق آگاہ کرتے ہیں۔ کال وصول کرنے والا عملہ کالر سے کورونا وائرس سے متعلق علامات پوچھتا ہے اور اگر کہیں شک ہو تو قریبی ہیلتھ سینٹر کو متعلقہ کالر تک پہنچنے کیلئے کہا جاتا ہے۔
استنبول کے مقامی میڈیا کے مطابق ایمرجنسی سروس کے سربراہ فاتح ترکمین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے پہلے روزانہ 20 ہزار ایمرجنسی کالز موصول ہوتی تھیں لیکن اب ایمرجنسی کالز دگنی ہو کر 40 ہزار تک پہنچ گئیں ہیں۔
112 ایمرجنسی سینٹر کی استنبول میں 181 ایمبولینسز کام کر رہی ہیں۔ فاتح ترکمین کے مطابق ایمرجنسی سینٹر کی کوشش ہے کہ تمام کالرز کو ضروری طبی امدادا فراہم کی جائے اور وائرس سے متعلق عوام میں شعور کو مزید پھیلا جائے۔
کورونا وائرس کی وبا کے بعد حکومت نے 112 ایمرجنسی کال سینٹرز میں مزید 600 نئے اہلکار متعین کئے ہیں۔ فاتح ترکمین کے مطابق ایک اچھی بات یہ ہے کہ اب ایمرجنسی سینٹر میں سنجیدہ کالیں موصول ہو رہی ہیں اور لوگ بلا وجہ تنگ کرنے کیلئے کال نہیں کر رہے ہیں۔