Turkiya-Logo-top

جنوبی وزیرستان اور دیر میں سیکیورٹی فورسز کے بڑے آپریشنز، 10 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد: آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے اضلاع جنوبی وزیرستان اور دیر میں 6 اگست کو انجام دیے گئے سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر عسکری سازوسامان برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ضلع جنوبی وزیرستان کے عمومی علاقے اعظم ورسک میں اس وقت کی گئی جب دہشت گردوں کے ایک گروہ نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا، جس کے بعد ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے ایک علیحدہ مقابلے کے دوران مزید دو دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

کارروائیوں کے بعد جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر عسکری سازوسامان برآمد کیا گیا۔ فوج کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں علاقوں میں کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ اگر مزید دہشت گرد موجود ہوں تو انہیں بھی گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
یہ کارروائیاں قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ قومی انسدادِ دہشت گردی وژن "عزمِ استحکام” کے تحت جاری مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دہشت گرد عناصر کا خاتمہ اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کا قیام ہے۔

Read Previous

غزہ پر اسرائیلی حملے 8 اسلامی ممالک کا مشترکہ اعلامیہ جاری، عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ

Read Next

ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کا امکان، جدہ میں اہم بیٹھک

Leave a Reply