روس میں بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 2026 کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں دنیا کے 191 ممالک سے 35 سال سے کم عمر کے 10 ہزار نوجوان رہنما شریک ہیں۔ پاکستان سے تقریباً 250 نوجوان اس عالمی فیسٹیول میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
فیسٹیول انتظامیہ کے مطابق بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 11 سے 17 ستمبر تک جاری رہے گا، جس میں 5 ہزار روسی اور 5 ہزار غیر ملکی نوجوان شریک ہیں۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
پاکستان سے فیسٹیول میں شرکت کے لیے 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے تقریباً 250 نوجوانوں کو منتخب کیا گیا۔ فیسٹیول میں سابق سوویت یونین کا حصہ رہنے والے ممالک سے بھی ایک ہزار سے زائد نوجوان شریک ہیں۔

ارجنٹائن، برازیل، بھارت، چین، میکسیکو اور سعودی عرب بڑے وفود بھیجنے والے ممالک میں شامل ہیں، جبکہ فرانس، برطانیہ اور اٹلی سے بھی 100 سے زائد مندوبین فیسٹیول کا حصہ بن رہے ہیں۔ امریکا سے 8 اور کینیڈا سے 13 نوجوان شریک ہیں۔
بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 2026 کو مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں میڈیا، تخلیقی صنعتیں، سرکاری نظم و نسق، سائنس و تعلیم، کھیل، کاروبار، ڈیجیٹلائزیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سماجی شعبہ شامل ہیں۔
فیسٹیول کے دوران 13 سے 16 ستمبر تک ہونے والا میڈیا اسٹریم پروگرام پاکستانی نوجوانوں کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس میں میڈیا، صحافت، کانٹینٹ کریئیشن اور تخلیقی صنعتوں سے وابستہ نوجوان شریک ہوں گے۔
میڈیا اسٹریم پروگرام میں مختلف ممالک کے معروف صحافی، بلاگرز، پروڈیوسرز، سائنس دان اور فنکار شرکت کریں گے، جہاں میڈیا انڈسٹری کے مستقبل، جدید ٹیکنالوجی، تخلیقی صنعتوں اور نوجوانوں کو درپیش نئے چیلنجز پر گفتگو کی جائے گی۔
پاکستانی نوجوانوں کو مختلف پینل مباحثوں میں شرکت کا موقع بھی ملے گا۔ ان مباحثوں میں روس کی جانب غیر ملکی نوجوانوں کی کشش، ثقافت کے ذریعے عالمی مکالمے کا فروغ، تحقیق و ٹیکنالوجی، ڈیپ فیک، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل دور میں تنقیدی سوچ جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
فیسٹیول میں آسٹریا کی سابق وزیر خارجہ کیرن کنائسل، امریکی کنڈکٹر کرسچن نیپ، اطالوی پیانو نواز اور بلاگر لورینزو باگناتی، سربیا کے اداکار الیگزینڈر رادوجیچ اور چین کے فلم پروڈیوسر و ہدایت کار لیو شوان سمیت متعدد عالمی شخصیات شریک ہیں۔

روس کی جانب سے وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا سمیت متعدد اہم شخصیات بھی میڈیا اسٹریم پروگرام میں خطاب کریں گی۔ معروف روسی مزاحیہ جوڑی وووان اور لیکسس بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔
میڈیا اسٹریم پروگرام میں اداکار اور پروڈیوسر میلوس بیکووچ کے ساتھ خصوصی نشست بھی منعقد کی جائے گی۔ میلوس بیکووچ ’ریڈ سلک‘، ’سرف‘، ’دی چیلنج‘ اور ’آئس‘ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔
خصوصی نشست میں میلوس بیکووچ اداکاری، فلمی صنعت کے نئے رجحانات اور روس کے ساتھ اپنے تعلق سے متعلق شرکا کے سوالات کے جواب دیں گے۔ نشست کی میزبانی ہدایت کار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر کلیم شیپینکو کریں گے۔
امریکی ٹی وی میزبان رک سانچیز بھی فیسٹیول میں شریک ہوں گے۔ وہ چار امریکی صدور کے علاوہ کیوبا کے سابق رہنما فیڈل کاسترو اور سابق سوویت صدر میخائل گورباچوف کے انٹرویوز کر چکے ہیں۔
رک سانچیز شرکا کو مؤثر اور طاقتور انٹرویو کرنے کے طریقوں اور اپنے صحافتی تجربات سے آگاہ کریں گے۔
میڈیا اسٹریم کے دوران مصنوعی ذہانت، نیوز کانٹینٹ کی تیاری، تخلیقی سوچ اور اسٹریمنگ سروسز کے استعمال سمیت مختلف موضوعات پر ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔
فیسٹیول میں کانٹینٹ ریس بھی منعقد ہوگی، جس میں نوجوان سوشل میڈیا کے لیے تخلیقی پوسٹس تیار کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے یہ سرگرمی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا اہم موقع ہوگی۔
روس میں نوجوانوں کے عالمی میل جول کے سلسلے کا آغاز 2024 کے عالمی یوتھ فیسٹیول سے بھی ہوا تھا، جو یکم سے 7 مارچ 2024 تک روس کے وفاقی علاقے سیریس میں منعقد ہوا۔ اس میں 190 ممالک سے 20 ہزار نوجوان رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔
2025 میں نزنی نووگورود میں عالمی یوتھ فیسٹیول اسمبلی منعقد ہوئی، جس میں 120 ممالک سے 2 ہزار نوجوان شریک ہوئے۔
منتظمین کے مطابق 2026 کے بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول کے لیے دنیا بھر سے ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ غیر ملکی نوجوانوں کی درخواستوں کی تعداد روسی درخواست گزاروں کے مقابلے میں 32 ہزار زیادہ رہی۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
منتظمین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی نوجوانوں کی درخواستوں میں نمایاں اضافہ بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔
2026 کے فیسٹیول میں 10 ہزار نوجوان شریک ہیں، جبکہ آئندہ عالمی یوتھ فیسٹیول 2030 میں 20 ہزار شرکا کے ساتھ منعقد کیے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
