مصنوعی ذہانت کے شعبے میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو نئی وسعت دینے کے لیے ٹکا، پنجاب یونیورسٹی اور یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔
یہ معاہدہ پاکستان کے دورے پر آئے ترکیہ کے اعلیٰ تعلیمی وفد کے دورے کے دوران ہوا، جس کی قیادت ترکیہ کی کونسل آف ہائر ایجوکیشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ای رول اوزوار نے کی جبکہ پاکستان میں ترکیہ کے ایجوکیشن قونصلر مہمت توئران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
معاہدے پر یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایوب دیبک، پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم اور ٹکا پاکستان کی کنٹری کوآرڈینیٹر صالحہ تونا نے دستخط کیے۔
تعاون کا اہم مرکز پنجاب یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینئرنگ میں ٹیکا کے تعاون سے قائم کی جانے والی انسانی مرکز مصنوعی ذہانت کی جدید لیبارٹری ہے۔
جدید کمپیوٹنگ اور سرور انفراسٹرکچر سے لیس یہ لیبارٹری تکنیکی سہولیات کے ساتھ پاکستان اور ترکیہ کے محققین، اساتذہ اور طلبہ کے لیے مشترکہ تحقیق اور علمی سرگرمیوں کا پلیٹ فارم بنے گی۔
یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ انسانی مرکز مصنوعی ذہانت سے متعلق تعلیمی مواد، تحقیقی وسائل اور تدریسی تجربات کا تبادلہ کرے گی، جبکہ اے آئی کے متعلقہ کورسز پڑھانے والے پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ کی تیاری میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔
معاہدے کے تحت دونوں جامعات مشترکہ تحقیقی منصوبوں، طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں اور پوسٹ گریجویٹ تحقیق کے مواقع کو بھی فروغ دیں گی۔
اگلے پانچ برسوں کے لیے تعاون کے واضح اہداف بھی مقرر کیے گئے ہیں، جن میں دس سے زائد مشترکہ تحقیقی مقالوں کی اشاعت، کم از کم پانچ بیرونی مالی معاونت حاصل کرنے والے مشترکہ منصوبے، جبکہ بیس سے زائد ایم فل اور پی ایچ ڈی مقالوں کی معاونت شامل ہے۔
اسی عرصے میں ایک سو سے زائد طلبہ، محققین اور اساتذہ کی تربیت اور کم از کم پانچ اختراعی یا اسٹارٹ اپ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔
لیبارٹری میں موجود ریموٹ ایکسس سہولت کے ذریعے پنجاب یونیورسٹی کے مختلف کیمپسز اور شعبوں سے وابستہ محققین کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ترکیہ کی شراکت دار جامعات بھی مشترکہ تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گی یعنی مصنوعی ذہانت کے لیے قائم یہ انفراسٹرکچر ایک ہی جامعہ تک محدود نہیں رہے گا بلکہ دونوں ممالک کے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے درمیان رابطے کا ذریعہ بن سکے گا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
معاہدے کا مقصد ٹکا کی جانب سے فراہم کردہ تکنیکی انفراسٹرکچر کو طویل المدتی تعلیمی شراکت داری، ہنرمند انسانی وسائل کی تیاری اور معاشرتی ضروریات سے ہم آہنگ جدید حل کی تیاری کے لیے استعمال کرنا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی میں قائم اس جدید اے آئی لیبارٹری کا باضابطہ افتتاح جلد متوقع ہے، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مشترکہ تحقیق اور تربیتی سرگرمیوں کا عملی آغاز مزید منظم انداز میں ہوگا۔
