آزاد کشمیر کے علاقے بھنبھر میں دانش اسکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، لیکن پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ، پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی کشمیر کاز سے وابستگی غیر متزلزل ہے، اور پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ، پاکستان معاشی چیلنجز سے نکل رہا ہے۔ ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے، قرضوں کا بوجھ کم ہو رہا ہے، اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید کمی کی توقع ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ،پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔ملکی ترقی کے لیے ایکسپورٹس میں اضافہ ضروری ہے، اور حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی تمام شرائط پوری کرے گی۔
وزیراعظم نے عوام کو یقین دلایا کہ، پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ ہم اپنا کھویا ہوا مقام ضرور واپس لائیں گے اور ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔
