وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستانی طلبا کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت زراعت کے شعبے میں جدید تربیت کے لیے چین جانے والے طلبا و طالبات کا مکمل خرچ حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔
یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے ایک جائزہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں طلبا کی روانگی اور تربیتی پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ ،چین جانے والے طلبا میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ،بلوچستان کے طلبا کے لیے 10 فیصد خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، تاکہ پسماندہ علاقوں کے ہونہار طلبا کو بھی ترقی کے مواقع میسر آئیں۔
شہباز شریف نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ، چینی حکومت کی جانب سے پاکستانی طلبا کو جدید زرعی تربیت فراہم کرنے کا یہ موقع قابل ستائش ہے۔ اس اقدام سے پاکستان کے زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی اور نوجوانوں کو زراعت میں جدید تکنیکوں سے روشناس کروانے کا موقع ملے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ،طلبا و طالبات کا پہلا گروپ جلد چین روانہ ہوگا، جو وہاں زراعت کے جدید اصول اور تکنیک سیکھے گا۔
